لاہور م، 30 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک تعلیم اور صحت سمیت دیگر سماجی و ترقیاتی شعبوں میں پنجاب کی قابل قدر معاونت کر رہا ہے،حکومت پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ اپنی مضبوط، مؤثر اور دیرینہ شراکت داری کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سبکدوش ہونے والے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران ناجے بن حسین کی 2020 سے پاکستان میں نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس موقع پر ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ، پنجاب میں ورلڈ بینک کے تعاون سے 2.4 ارب ڈالر کے 12 منصوبے جاری ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن، ریزیلینٹ اِنکلیوسو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن اور ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنا رہے ہیں۔











