اجیرہ،14مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر انجینئرامیرمقام نے آزاد کشمیر کی تحصیل ہاجیرہ میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران شہید ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرین سے ملاقات کی، متاثرین سے اظہار یکجہتی کے بعد راہ حق تقریب بھی منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر انجینئرامیرمقام نے اعلان کیا کہ بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والوں کے لواحقین کو وفاقی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 20،20 لاکھ روپے کے امدادی چیک آئندہ چند روز میں دیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بسنے والے لوگ پاکستان اور افواجِ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بسنے والے لوگ گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پچیس کروڑ عوام اور افواجِ پاکستان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے عوام نے جس دلیری اور جرات سے بھارتی جارحیت اور بربریت کا مقابلہ کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر یہاں تعزیت کے لئے آئے ہیں۔











