راولپنڈی،26مئی (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی نے فیض آباد انٹرچینج کی خوبصورتی کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں رنگ برنگے موسمی پھولوں سے سجاوٹ کی گئی ہے، خوبصورت پلانٹرز نصب کیے گئے ہیں اور دیواروں پر دیدہ زیب ڈیزائن بنائے گئے ہیں۔ باغبانی کے حوالے سے بھی شاندار کام کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایت پر فیض آباد انٹرچینج کو خاص طور پر سجایا گیا ہے اور دلکش باغبانی کا کام بھی انجام دیا گیا ہے۔ رنگین موسمی پھولوں کی سجاوٹ کو عوام کی جانب سے خوب سراہا گیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے متعلقہ عملے کو صفائی، سجاوٹ اور باغبانی کے کام کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو خوبصورت اور سر سبز بنانے کے لیے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب کا خوبصورت اور سبز ترین شہر بنانا پی ایچ اے کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی پی ایچ اے کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پی ایچ اے راولپنڈی نے شہر کی گرین بیلٹس پر لگے سر سبز پودوں اور رنگین پھولوں کی دیکھ بھال کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ احمد حسن رانجھا نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو خوبصورت اور سر سبز بنانے کے عمل میں پی ایچ اے کا ساتھ دیں۔