لاہور، 07 جون ( اے پی پی): عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس افسران اور جوانوں کے ہمراہ نمازِ عید ادا کی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، سی ٹی او لاہور اطہر وحید، ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔نماز کے بعد سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے افسران اور اہلکاروں سے عید ملی اور یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔ انہوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی، امن، اور استحکام کے لیے دعا کی۔سی سی پی او نے جوانوں کے ساتھ گھل مل کر عید کی مبارکباد دی اور پولیس شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا:”لاہور پولیس عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے، اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔”بلال صدیق کمیانہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس اہلکار اپنے فرائض بہادری، مستعدی اور قومی جذبے سے سرشار ہو کر انجام دے رہے ہیں، اور یہی قربانی کا اصل پیغام ہے۔











