کوئٹہ۔ 04 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اسمبلی کی نئی عمارت صوبے کے ثقافتی رنگ، روایات اور آئندہ کئی دہائیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہے جو عوامی نمائندگی کے اس باوقار فورم کو مزید مؤثر اور فعال بنائے گی، آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے ۔انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے نئے بلاک اور آڈیٹوریم ہال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے ۔میر سرفراز بگٹی نے نئے آڈیٹوریم ہال میں پہلا باقاعدہ خطاب بھی کیا اور مختصر مدت میں منصوبے کی تکمیل پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی پرانی عمارت اب ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں رہی تھی اسی لیے نئی عمارت کا منصوبہ ترتیب دیا گیا جو وفاقی حکومت کی معاونت سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نئی عمارت میں اراکین اسمبلی کے لیے جدید سہولیات دستیاب ہوں گی اور ایوان کی بہتری کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ترقیاتی فنڈز کا 90 فیصد سے زائد بروقت استعمال ہوا جو حکومتی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ سرپلس ہوگا جو مالی نظم و ضبط اور بہتر منصوبہ بندی کی علامت ہے ۔امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں جن کے مثبت اثرات پورے صوبے میں محسوس کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں امن بحال ہو رہا ہے اور ہر جگہ شاہراہیں کھلی ہیں جو ترقی اور استحکام کا منہ بولتا ثبوت ہے۔