راولپنڈی۔5جون (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے عید الاضحیٰ پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی کے لیے جامع صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی ۔ ایڈیشنل کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ارشد خان اور ڈپٹی سی ای او ناصر کمال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صفائی پلان کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ نے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لیے 30 منٹ کا ریسپانس ٹائم مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 10 وارڈز کو مختلف حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے تینوں دن کے لیے ایک فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے شکایات وصول کرے گا اور ان کا فوری ازالہ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں صفائی کے لیے 110 ہیوی گاڑیاں، 560 سینٹری ورکرز، 19 سینٹری سپروائزرز، 2 سینٹری انسپکٹرز، ایک چیف پبلک ہیلتھ آفیسر اور ایک پبلک ہیلتھ آفیسر ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔ ہر وارڈ میں صفائی کے لیے ذمہ دار سپروائزر مقرر کیے گئے ہیں جو نہ صرف آلائشوں کو اٹھانے بلکہ فینائل و تیزاب سے دھلائی اور چونے کے چھڑکاؤ کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے اپنے وسائل سے 14 منی ٹپرز، 7 ڈمپرز، 8 ٹریکٹر ٹرالیاں، 3 کمپیکٹر، 5 ٹرک، 5 شاولز، ایک ایکسکویٹر مشین اور ایک سوزوکی پک اپ پلان کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ 5 ایکسکویٹرز، 34 سوزوکی پک اپس، 24 جیک ٹرالیاں اور 4 شاولز کرائے پر حاصل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اجتماعاتی قربان گاہوں، مساجد، چوراہوں اور ربش پوائنٹس پر روزانہ چونے کا چھڑکاؤ اور فینائل سے صفائی کی جائے گی۔ صفائی مہم کے بارے میں عوامی آگاہی کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے بھی مدد لی گئی ہے تاکہ شہری آلائشوں کو کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے مختص کردہ پوائنٹس پر ہی رکھیں۔انہوں نے کہا کہ شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ 10 مقامات پر علاقائی کمپلینٹ سینٹرز بھی فعال ہیں۔ تمام سینٹری سپروائزرز اور مانیٹرز کو ٹریکنگ سمز فراہم کی گئی ہیں جنہیں کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔ ممکنہ بارشوں اور طغیانی کے پیش نظر 24 گھنٹے فعال رین ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ پرانا ڈائیوو اڈا، ڈائنیز سکول اور غازی آباد گراؤنڈ، ڈھوک سیداں میں ٹرانسفر پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں سے آلائشیں مخصوص ڈمپنگ گراؤنڈز تک منتقل کی جائیں گی۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں اور کوڑا کرکٹ فراہم کردہ شاپنگ بیگز میں محفوظ کر کے یا تو اپنے گھروں کے باہر رکھیں یا بورڈ کے مختص کردہ پوائنٹس تک پہنچائیں تاکہ عملہ انہیں بروقت اٹھا سکے۔ شہری کسی بھی شکایت یا معلومات کے لیے ان نمبروں9274421۔051، 9274422۔051 ، 9274423 ۔051 پر 24 گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ نے صحافیوں، سول سوسائٹی اور عوامی حلقوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر کنٹرول روم سے رابطہ کریں تاکہ صفائی کے عمل کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔