ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی سامان کی خریداری میں تاخیر پر خواجہ سلمان رفیق کا اظہارِ برہمی

17

لاہور، 11 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکریٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی اور ایڈیشنل سیکریٹری انور بریار نے شرکت کی۔ اجلاس میں ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی سامان کی خریداری کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر عمران حسن اور متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ تاہم اجلاس کے دوران طبی سامان کی خریداری میں غیر ضروری تاخیر پر صوبائی وزیر نے اظہارِ برہمی کیا اور ہدایت دی کہ خریداری کا عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ: “ہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، اور اس مقصد میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔” انہوں نے واضح کیا کہ ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جیسے اہم ادارے میں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جس پر فوری اور مؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔