سکھر،24جون(اے پی پی): محرم الحرام کے سلسلے میں سول ڈیفنس کا اجلاس ایڈیشنل کنٹرولر امیر الدین عباسی کی زیر صدارت میں منعقد ہواجس میں فیصلہ کیاگیا کہ 5 محرم الحرام کو پرانہ سکھر اور 10 محرم الحرام کو سکھر میں فرسٹ ایڈ کیمپ لگائے جائیں، ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان فرسٹ ایڈ کیمپس کے انچارج ہوں گے تمام رضاکاروں کو طلب کر لیا گیا اور ڈیوٹی لیٹرز جاری کر دیئے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے ڈپٹی کنٹرولر امیر الدین عباسی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے لہذا ہمیں کسی قسم کے شر پسند عناصر کی سرکوبی کیلئے متحد ہو کر اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے سول ڈیفنس فوج سمیت دیگر اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ رضاکار اللہ کی رضا کے لئے خدمت خلق انجام دیتے ہیں،سول ڈیفنس آرگنائزیشن آج کے دور میں خدمت خلق کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔معاشرے میں بین العقائد ہم آہنگی کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر سعید اعوان نے تمام رضاکاروں کو ہدایت کی کے محرم الحرام میں ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں،شہری دفاع ہماری ذمہ داری ہے۔