لاہور، 12 جون (اے پی پی): محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، محکمہ کے مختلف ونگز کے ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے مجوزہ اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا: “صوبے میں امن و امان کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی لغزش برداشت نہیں کی جائے گی۔” انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل تمام اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ اس سلسلے میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان جلد تمام اضلاع کا دورہ کرے گی تاکہ انتظامات کا عملی جائزہ لیا جا سکے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ: “محکمہ داخلہ کا انٹرنل سکیورٹی وِنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فیلڈ میں متحرک کر رہا ہے۔ امن و امان کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جن کے خلاف ضلع بندی اور زباں بندی جیسے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔” مزید بتایا گیا کہ محرم کے دوران محکمہ داخلہ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جہاں سے تمام اضلاع کے انتظامات کی نگرانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق اور سکیورٹی ہدایات بھی تمام متعلقہ اداروں کو جاری کی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ محرم الحرام کا پُرامن اور منظم انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔