صوبائی وزیر بلال یاسین نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کا جائزہ

0

لاہور، 13 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے شہر کے مختلف علاقوں — اعظم گارڈن، اتفاق ٹاؤن اور اتحاد کالونی — کا دورہ کیا اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صاف پانی اتھارٹی کی زیر نگرانی لگے فلٹریشن پلانٹس اور واسا کے ٹیوب ویلز کی صورت حال کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر صاف پانی سفیان حبیب نے بحالی کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے علاقہ مکینوں کی آراء بھی سنیں جنہوں نے سہولت کی بحالی کی کوششوں کو سراہا اور صوبائی وزیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ بلال یاسین نے کہا کہ گرمیوں کی شدت کے پیش نظر تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔ صاف پانی اتھارٹی صوبے بھر کے پلانٹس کو فعال کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ واٹر پلانٹس کی فراہمی اور معیار کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شکایات کی صورت میں شہری ٹول فری نمبر 1336 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔