صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی پی ڈی ایم اے ویئر ہاؤس میں پاک فوج اور ریسکیو 1122 کو فلڈ فائٹنگ سامان کی تقریب تقسیم 2025 میں بطور مہمان خصوصی شرکت

0

لاہور۔ 30 جون ( اے پی پی ) :صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے  پی ڈی ایم اے ویئر ہاؤس میں پاک فوج اور ریسکیو 1122 کو فلڈ فائٹنگ سامان کی تقریب تقسیم 2025 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور کرنل فراز سمیت دیگر حکام موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے  تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے۔پاک فوج نے پاک بھارت جنگ میں پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہےآج پاک فوج و ریسکیو 1122 کو 8 سے 10 کروڑ روپے کا امدادی سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔ ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پر 76 نئی ایمبولینسز کے ساتھ عوام کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ سوات واقعہ انتہائی دلخراش سانحہ ہےسانحہ سوات پر پوری قوم غمگین ہے۔ سانحہ سوات ہمیں پروفیشنل اور پرو ایکٹو اپروچ کو اپنانے کی ضرورت واضح کر رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاک فوج نے ہر ڈیزاسٹر میں اہم کردار ادا کیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی قیادت میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری میں کسی نا گہانی آفت سے نمٹنے کیلئے اضافی ریسکیو و ریلیف آلات فراہم کئے گئے ہیں۔پاکستان کے منہ توڑ جواب نے دشمن کو خاک چاٹنے پر مجبور کر دیا۔مری میں سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو جدید تیکنیکی سامان مہیا کیا گیا ہے    ۔