صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس، “کلینک آن ویلز” کی کارکردگی کا جائزہ

2

لاہور، 13 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں “مریم نواز کلینک آن ویلز” کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، سی ای او ہیلتھ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ “کلینک آن ویلز” نے اب تک 95 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مریضوں کی بائیو میٹرک کی جائے گی جس کی بدولت متعلقہ علاقوں کے صحت کے مسائل کی نشاندہی آسان ہو گی۔ اجلاس کے دوران بائیو میٹرک مشینیں خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ “کلینک آن ویلز” حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جو عام آدمی کی دہلیز تک علاج کی سہولت پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت کی روشنی میں دیہی علاقوں کی یونین کونسلز تک “کلینک آن ویلز” کی سہولت کو وسعت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے عملے کی 100 فیصد دستیابی کی ہدایت کی اور کہا کہ ادویات کی کوئی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادویات کی حفاظت اور مقررہ درجہ حرارت کی یقین دہانی کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔سروس کی مزید بہتری کے لیے “کلینک آن ویلز” کی آمد کی پیشگی اطلاع بھی دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔