اسلام آباد، 4جون(اے پی پی):عید الاضحیٰ جوں جوں قریب آ رہی ہے ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔ جہاں خریدار اس کوشش میں ہیں کہ وہ کم قیمت پر بہترین جانور خرید سکیں وہیں بچے بھی جانوروں کی خریداری اور ان کو سجانے کے لیے بے حد پُرجوش دکھائی دیتے ہیں ۔
اگرچہ رواں برس جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم قربانی کا جذبہ اس سے کہیں زیادہ بلند ہے۔
اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے شہر میں چھ مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، جہاں خریدار اور بیوپاری بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ان منڈیوں میں شہریوں کی سہولت اور صفائی کو یقینی بنانے کے لیےسی ڈی اے کے سینی ٹیشن، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، اور انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
جبکہ قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشوں کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے دو لاکھ بایوڈیگریڈیبل تھیلے مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔
سی ڈی اے کی جانب سے منڈیوں میں بجلی، پانی، روشنی، سیکیورٹی اور پارکنگ سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ نے تمام مویشی منڈیوں میں مفت ویٹرنری کیمپس قائم کیے ہیں، جہاں جانوروں کا معائنہ اور فوری طبی امداد دستیاب ہے۔
عید الاضحیٰ ایثار، قربانی اور خوشیوں کا تہوار ہے ، جب ہر مسلمان جذبۂ ایمان سے سرشار ہو کر اللہ کی رضا کے حصول کے لیے بہتر سے بہترین جانور کی قربانی کرنے کا خواہاں ہوتا ہے۔ اب یہ ہماری زمہ داری ہے کہ عید کے موقع پر ہم صفائی، تعاون اور خلوص کے ساتھ ایک ایسی فضا قائم کریں جو نہ صرف عبادت کا پیغام دے، بلکہ خوشیوں کو سب کے لیے بانٹنے کا ذریعہ بنے۔