عید انتظامات پر سب ڈپٹی کمشنروں اور لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کو شاباش دیتی ہوں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا محرم الحرام کے اجلاس سے خطاب

1

لاہور24 جون ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انتظامیہ سے فوری ہنگامی پلان طلب کر لیے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کوڈ آف کنڈیکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی، بینرز، پوسٹر آویزاں کرنے اورصوبہ بھر میں وال چاکنگ پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محرم الحرام میں ڈرون اڑانے پر پابندی کی خلاف ورزری پر فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ذاتی نگرانی کرنے کا حکم دیا اور وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو علماء کرام کے پاس خود جانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیف سٹی اتھارٹی کو خراب کیمرے ٹھیک کرانے کی ہدایت کی اورسپیشل

مانیٹرنگ یونٹ کو نفرت انگیز مواد کی مانیٹرنگ کا ٹاسک اور رپورٹنگ کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محرم الحرام پرسیکورٹی انتظامات کی فرضی مشقیں شروع کرنے کی ہدایت کی اور محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لئے یکساں طرز پر سبیلیں لگانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محرم سبیلوں میں روح افزا، لیموں پانی اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں مہیا کرنے، سبیلوں کی نشاندہی اور مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں جلوسوں اور مجالس میں سیکورٹی کے لئے لوہے کے پائپ نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرمی اور حبس سے بچاؤکے لئے جلوسوں کے آگے چھڑ کاؤ کا حکم دیا اور عزاداروں کو ہیٹ سٹروکس سے بچانے کے لئے پلاننگ کی ہدایت کی۔ عاشورہ جلوسوں کے ساتھ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل بھی متعین کرنے کا حکم دیا اور موثر ٹریفک مینجمنٹ اور بروقت ٹریفک ایڈوائزری جاری کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر بارش کی صورت میں پانی کے بروقت اخراج یقینی بنانے کے لئے انتظامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہوٹل آئی اور ٹریول آئی کو فعال بنانے اور کومیبنگ آپریشن جاری رکھنے اور اینٹی ڈرون سسٹم حاصل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایس او پیز محض پیپر پر نہیں عملی طور پر اقدامات نظر آنے چاہئیں۔ بجلی کے لٹکتے ہوئے تار بہت بڑا رسک ہے، ایمرجنسی آپریشن کیا جائے۔ عاشورہ جلوسوں اور مجالس کے دوران بجلی بندش بالکل نہیں ہونی چاہیے، سٹریٹ لائٹس بھی بند نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مین ہول میں اب بھی لوگ گر کر مررہے ہیں،نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں بھی گٹروں کے ڈھکن لگائیں۔پیچ ورک ہر سال محرم پر کیا جاتا ہے پھر دوبارہ روٹ پر گڑھے کیسے بن جاتے ہیں؟۔ جنگ کے تناظر میں محرم الحرام کو حساس تصور کیا جائے، پاکستان دشمن قوتیں موقع نہیں جانے دیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی سے منفی قوتیں خائف ہیں، ہمیں ہر لمحہ تیار رہنا چاہیے۔ پنجاب حکومت کا تاثر خدمت گزار حکومت کا بن چکا ہے، اسے برقرار رکھنا اور بڑھانا ہے۔ ہر موقع پر انتظامات کو پہلے سے زیادہ بہتر ہونا چاہیے۔ کابینہ ارکان متعلقہ اضلاع میں موثر نگرانی کا فرض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کو اہم فیصلوں میں شامل اور مطلع رکھنا چاہیے۔ عوام کو ہر جگہ پر حکومت اور حکومت کی رٹ نظر آنی چاہیے۔ تمام اضلاع میں پبلک کمیٹیوں کو فعال اور پوری طرح متحرک کیا جائے۔ گزشتہ سال محرم الحرام کے انتظامات کو سراہا گیا۔اور اہل تشیع نے بھی تعریف کی۔ سروس ڈیلیوری کا اعلیٰ معیار مقرر کیا، عید آپریشن پر واضح فرق محسوس کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ملک و قوم کو نفرت، تعصب اور تفرقہ بازی سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ تفرقہ اور نفرت نئی نسل کے لئے زہر ناک ہے، ہر قیمت پر خاتمہ چاہتے ہیں۔ نفرت اور تعصب کے خاتمے لئے موثر اور پائیدار اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہونے کا احساس پوری طرح ہر سطح پر اجاگر کیا جائے۔صوبائی، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر کنٹرول روم پوری کی طرح فعال کیے جائیں، کسی بھی جگہ خود دورہ کروں گی۔ ہم نے گزشتہ عید کے بہترین انتظامات کا ریکارڈ خود توڑا، محرم کے انتظامات بھی شاندار ہونے چاہئیں۔ عید انتظامات پر سب ڈپٹی کمشنروں اور لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کو شاباش دیتی ہوں۔