لاہور ڈویژن میں صفائی آپریشن عروج پر، 59 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگا دی گئیں: کمشنر زید بن مقصود

7

لاہور 09 جون (اے پی پی): عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے بتایا کہ لاہور سمیت تمام ڈویژن میں صفائی آپریشن پوری شدت سے جاری ہے۔ صبح پانچ بجے سے فیلڈ ٹیمیں شہر اور گردونواح میں متحرک ہیں، جبکہ آلائشیں بروقت ڈمپنگ سائٹس تک پہنچائی جا رہی ہیں۔کمشنر کے مطابق، عید کے ابتدائی دو دنوں میں لاہور شہر سے 35 ہزار ٹن آلائشیں اکٹھی کر کے محفوظ طریقے سے ڈمپ کی گئیں، جبکہ لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور اضلاع میں مجموعی طور پر 59 ہزار 233 ٹن آلائشیں بروقت ہٹائی گئیں۔صفائی کے ساتھ ساتھ گلی محلوں اور سڑکوں کی دھلائی کا عمل بھی جاری ہے، جہاں عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔ کمشنر نے اعلان کیا کہ آج کے اختتام تک پورے ڈویژن کو “زیرو ویسٹ” کر دیا جائے گا۔صفائی مہم کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے 20 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ کمشنر نے شہریوں کی اکثریت کو سراہا جنہوں نے آلائشیں بیگز میں ڈال کر صفائی ٹیموں کے حوالے کیں اور انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔کمشنر زید بن مقصود نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی وزراء اور ضلعی انتظامیہ بھی پوری طرح سرگرم عمل ہیں، اور 24 ہزار سے زائد صفائی ورکرز تین شفٹوں میں کام کر رہے ہیں۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی شکایت یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1139 پر فوری رابطہ کریں،