پاکستان حج مشن کی 2025 کے کامیاب حج آپریشنز کی شاندار تکمیل پر تقریب، آئندہ مزید بہتری کا عزم

3

مکہ مکرمہ، 16 جون)اے پی پی):پاکستان حج مشن کی جانب سے مکہ مکرمہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 2025 کے حج کی کامیاب تکمیل پر فلاحی عملے کی غیرمعمولی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری برائے وزارت مذہبی امور، ڈاکٹر سید عطا الرحمٰن نے تقریب کی صدارت کی اور آئندہ حج آپریشنز کی بروقت تیاری اور مسلسل بہتری پر زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے حج انتظامات کی منصوبہ بندی اور تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، “ہم اپنے عملے، خاص طور پر ناظمین کو آئندہ حج کے لیے بہت پہلے سے تیار کریں گے۔ اسی طرح جیسے ہی حجاج کرام کا اندراج شروع ہو، ان کی تربیت کا عمل بھی شروع ہو جائے گا تاکہ وہ اس مقدس سفر کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔

انہوں نے وزارت کی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فلاحی عملے، ایس ڈی ایس اور طبی عملے کی بھرتی کے لیے سخت معیار مقرر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ “ہم مہارت اورقابلیت  کو ترجیح دیں گے۔ امیدواروں کو منیٰ اور عرفات کے جغرافیہ سے مکمل واقفیت ہونی چاہیے۔ تقرریوں میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیحات ہوں گی۔