پاکستان کو  مستحکم عالمی معیشت بنانے کی جد و جہد کے لیے پر عزم ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف

21

‎اسلام آباد،02جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد ملکی اداروں میں پائیدار اصلاحات کے ذریعے ملک کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کی جد و جہد میں فتح یاب ہونے کے لیے حکومت پاکستان پر عزم ہے۔

‎ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کے امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔

‎وزیراعظم نے ایف بی آر میں جاری اقدامات و اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے تمام ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں،حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔وزیراعظم نے فیس لیس کسٹمز ایسسمنٹ سسٹم کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے لائی گئی فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم جیسی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔

‎اجلاس میں وزیراعظم کو فیس لیس کسٹمز ایسسمنٹ سسٹم کی حالیہ کارکردگی اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) میں اصلاحات کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیس لیس کسٹمز ایسسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے محصولات میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے اور کسٹمز کلیئرنس کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے،پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

‎بریفنگ میں بتایا گیا کہ عام صارفین کے لیے آسان ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن کا نظام جلد نافذ العمل کیا جائے گا،عام صارفین کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن کے نظام کو اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں متعارف کرنے کے عمل پر کام تیزی سے جاری ہے۔

اے پی پی/قرۃالعین/فرح