پنجاب میں اسکولوں کو ایک ماہ کے سمر کیمپ کی مشروط اجازت

5

لاہور, 11 جون (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے اسکولوں کو 16 جون سے 15 جولائی تک ایک ماہ کے سمر کیمپ کے انعقاد کی مشروط اجازت دے دی۔ جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ کسی بھی اسکول کو 30 دن سے زائد سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ طلباء کی شرکت رضاکارانہ ہوگی۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ کسی اسکول کو سمر کیمپ کے لیے الگ سے فیس لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ سمر کیمپ کے دوران طلباء کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے مکمل انتظامات ہونا ضروری ہیں، اور ایسے سرکاری اسکول بھی سمر کیمپ کا انعقاد کر سکتے ہیں جو حفاظتی سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ سمر کیمپ کے اوقات کار صبح 7 بجے سے 10 بجے تک مقرر کیئے گئے ہیں، اور طلباء کو یونیفارم پہننے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ وزیر تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (DEOs) کو ہدایت کی ہے کہ وہ سمر کیمپ کے دوران اسکولوں کی نگرانی کریں اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمر کیمپ کسی بھی طالبعلم پر زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا اور تمام سرگرمیاں والدین کی رضامندی اور بچوں کی سہولت کے مطابق ہونی چاہئیں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سمر کیمپ کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس پر عمل درآمد سختی سے کروایا جائے گا۔