لاہور، 13 جون (اے پی پی): محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ صوبے بھر کی تمام تفصیلات کی موثر مانیٹرنگ کے لیے ایک خصوصی ای پورٹل بھی تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے جلوس، مجالس، حساس مقامات، زبان بندی اور ضلع بندی کی معلومات کو ایک جگہ مدنظر رکھا جائے گا۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 5 روز کے اندر تمام تفصیلات ای پورٹل ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں۔ آئی جی پنجاب کو فوج اور رینجرز کی مطلوبہ تعداد کی نشاندہی کی ہدایت کی گئی ہے جو محرم کی سیکیورٹی کے لیے درکار ہوگی۔ صوبے بھر کے حساس مقامات کی نشاندہی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب ساؤنڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015 کے تحت سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیوں کے اجلاس بلا کر ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دینے کا کہا گیا۔ انتظامیہ کو اشتعال انگیز مقررین کی تازہ فہرست تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جس کی بنیاد پر ان کی ضلع بندی کی جائے گی۔ پولیس اور انتظامیہ حساس مقامات کی نشاندہی کر کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں گی۔ یکم سے 10 محرم تک تمام مکاتب فکر کی تقریبات کی سیکیورٹی کے لیے علیحدہ پلان تیار کیا جائے گا۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کی روک تھام کے لیے محکمہ اوقاف کو ڈویژن کی سطح پر اتحاد بین المسلمین کی میٹنگیں منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبے بھر کے جلوس کے راستوں کی بجلی کی تاریں ہٹانے کی بھی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ محرم کی آمد سے پہلے تمام اضافی اور خطرے کی باعث تاریں ہٹا دی جائے۔ اعلان کیا گیا کہ مقررہ راستے اور مقامات کے علاوہ کوئی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہو گی۔ تمام مجالس اور جلوس کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔