لاہور، 13 جون (اے پی پی): پی ڈی ایم اے نے چولستان کے متاثرہ علاقوں کو 6 لاکھ لیٹر سے زائد صاف پانی فراہم کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ چولستان کی خشک سالی کی صورت حال کے پیش نظر 2000 جیری کین اور 10 واٹر باؤزر فراہم کیے گئے ہیں جن کی بدولت دور دراز علاقوں تک پانی کی ترسیل ممکن ہو رہی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 4 واٹر باؤزر 12,500 لیٹر اور 6 واٹر باؤزر 5,000 لیٹر کی گنجائش رکھتے ہیں۔ گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے چھتریاں بھی متاثرہ علاقوں کو بھیجی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں، مقامی حکومت، ویٹرنری اور لائیو سٹاک محکمے کے اہلکار متاثرہ علاقوں کی صورت حال کی باقاعدہ نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کی روشنی میں تمام ادارے چولستان کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھرپور انداز سے کام کر رہے ہیں۔ پانی کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے اور پی ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔