کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کاعام خاص باغ کا دورہ ،جاری تزئین و آرائش اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

1

ملتان 12 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین وژن کے تحت ملتان میں پارکوں کو سرسبز، خوبصورت اور عوام دوست بنانے کے لیے جاری مہم میں تیزی آ گئی ہے۔ ڈویژنل انتظامیہ اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ملتان اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عام خاص باغ کا دورہ کیا جہاں جاری تزئین و آرائش اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کریم بخش بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے باغ کے داخلی راستے پر ٹائلز کی تنصیب کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے باغ میں موجود قدیمی بارہ دری میں جدید لائٹس نصب کرنے اور ڈسٹ بنز کی مرمت و رنگ و روغن کا بھی حکم دیا۔

عامر کریم خاں نے کہا کہ تاریخی باغ کی اہمیت کے پیش نظر معلوماتی بورڈز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ عوام کو نہ صرف باغ کی تاریخی حیثیت بلکہ مختلف پودوں اور درختوں کی اقسام سے آگاہی حاصل ہو۔ ڈی جی پی ایچ اے نے بریفنگ میں بتایا کہ شہری پارکوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے جن میں واک وے کی بہتری، بینچز، لائٹنگ اور بچوں کے لیے کھیلوں کی جگہ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے کی ٹیمیں دن رات پارکوں کی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہیں اور یہ اقدامات عوام کو بہتر تفریحی ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہیں۔