لاہور 19 جون (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہور لبرٹی اور گلبرگ مارکیٹ کے سینئر وائس پریذیڈنٹ عمر سلیم نے کاروباری شخصیات کے ہمراہ ملاقات کی اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سیکرٹری انفارمیشن ندیم افضل چن، رہنما عزیز الرحمٰن چن اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تاجر برادری کا ساتھ دیا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل لیڈر شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جنہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دے کر ملک کا دفاع مضبوط کیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا بھرپور سفارتی مقدمہ لڑا اور بین الاقوامی میڈیا کا سامنا کیا۔ پہلی مرتبہ دنیا نے پاکستان کا مؤقف سنا، جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب لاہور دوبارہ پیپلز پارٹی کا قلعہ بنے گا۔ صرف پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو تاجروں، مزدوروں، سرکاری ملازمین اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ چھوٹے دکانداروں کو تجاوزات اور ٹیکسوں کے نام پر تنگ کرنا افسوسناک ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دینے کے بعد ملک میں سرمایہ کاری اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری مفاہمت کی سیاست کو فروغ دے کر ملک کو استحکام کی جانب لے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر تاجر برادری نے کہا کہ پورے پنجاب کے تاجر پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلاول بھٹو کو آئندہ وزیرِاعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومتی بے جا ٹیکسز اور پکڑ دھکڑ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ان اقدامات سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔