امریکی قونصل جنرل کی صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات، اقلیتوں کی فلاح اور مذہبی ہم آہنگی پر گفتگو

32

لاہور، 16 جولائی (اے پی پی): امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز اور امریکی سفارتخانے کے اعلیٰ سطحی وفد نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ اور ڈپٹی سیکرٹری رضوانہ نوید بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود، مذہبی سیاحت، ڈیجیٹل تعلیم، ملازمتوں میں کوٹہ، تعلیمی وظائف اور عبادت گاہوں کی تعمیر و مرمت جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔  ملاقات میں سکھ، مسیحی، ہندو اور دیگر اقلیتی مذہبی مقامات کی ترویج پر بھی زور دیا گیا، جبکہ اقلیتی نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل تعلیم اور ای لرننگ پروگرامز پر گفتگو کی گئی۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اقلیت دوست پالیسیوں سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون کا بھی خیرمقدم کیا۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے حکومت پنجاب کی اقلیتوں کے لیے کوششوں کو سراہا اور صوبے میں رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے بین المذاہب مکالمے اور ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق کیا اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا: “اقلیتوں کی فلاح حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کے ویژن پر عمل پیرا ہیں۔