وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ, بارش کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ

19

لاہور، 16 جولائی (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈی جی واسا پنجاب اور ایم ڈی واسا بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے مختلف مقامات پر واسا کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے عملے کو نکاسی آب کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران چھتیں گرنے کے باعث ہونے والی اموات پر دلی افسوس ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ بلال یاسین نے واسا حکام اور شہریوں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری گرنے والی بجلی کی تاروں کے بارے میں فوری طور پر لیسکو حکام کو اطلاع دیں۔ وزیر ہاؤسنگ نے گزشتہ روز بھی شہر کی گلیوں اور شاہراہوں میں نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور عملے کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بچوں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔ بلال یاسین نے واسا انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بارش کے موسم میں ہمہ وقت الرٹ رہیں اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔