دہشتگردی اور انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات غربت، بے روزگاری اور ناخواندگی ہیں ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کلام بی بی انٹرنیشنل ویمن انسٹیٹیوٹ بنوں کے پہلے سینیٹ کے اجلاس سے خطاب

21

اسلام آباد۔22جولائی  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات غربت، بے روزگاری اور ناخواندگی ہے ،ہمیں ان بنیادی مسائل پر قابو پانے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ نوجوان نسل کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع ملے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں  نے صدر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کلام بی بی انٹرنیشنل ویمن انسٹیٹیوٹ بنوں کی پہلی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ اہم اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیئرمین ایچ اے سی ڈاکٹر مختار احمد، ادارے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان، شاہدہ اختر علی ایم این اے، انجینئر احمد خان کنڈی،ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین سینٹ نے کلام بی بی انٹرنیشنل ویمن انسٹیٹیوٹ بنوں کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے جنوبی اضلاع کی خواتین کو اعلیٰ اور پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔انہوں نے ادارے کے قیام کے لئے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا تا ہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ادارے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور دونوں شعبوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے جبکہ خواتین کی فلاح و بہبود اور   اقلیتوں کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی  کہ بنوں میں قائم اس ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ادارے کو مزید فعال بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے جنوبی اضلاع میں پسماندگی ہے جسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی معاونت سے پسماندہ علاقوں میں ایسے مراکز قائم کئے جا سکتے ہیں جو ان علاقوں کے مسائل پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

  گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ آج اس اہم ادارے کی سینیٹ کے اجلاس میں شریک ہوں،ہماری پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی تعلیم کو ترجیح دی ہے،اس ادارے کی مدد سے جنوبی اضلاع کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے اور مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے معاونت کو سراہا ۔انہوں نے کیمپس میں سہولیات کو جدید بنانے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کی تجویز بھی دی ۔اجلاس میں ادارے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے ادارے کے اغراض و مقاصد، مسائل اور دیگر اہم پہلوؤں پر بریفنگ بھی دی۔