سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا چھٹا کانووکیشن،376 گریجویٹس اور یونیورسٹی کے پہلے پی ایچ ڈی سکالر کوڈگریوں سے نوازا گیا

11

کراچی، 18جولائی(اے پی پی ):سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا چھٹا کانووکیشن جمعرات کو  مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں 376 گریجویٹس اور یونیورسٹی کے پہلے پی ایچ ڈی اسکالر عبداللہ ایوب کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ یونیورسٹی کے چانسلر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  کانووکیشن کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع اور وائیڈ چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی اور دیگر شخصیات نے نئی گریجوئیٹ ہونے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز تقسیم کئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور بعد ازاں قومی ترانا پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام طلبہ و طالبات اور ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اب آپ نے تدریسی عمل مکمل کیا ہے اور ملک و قوم کے لئے کام کرنے کا شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ گریجوئیٹ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام نہ صرف ایک یونیورسٹی ہے بلکہ یہ وہ تعلیمی ادارے ہے جہاں بابائے قوم اور ملک کی عظیم شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے۔ حسن علی آفندی نے یہ اسکول قائم کیا جو بعد ازاں کالیج اور اب یونیورسٹی کے طور پر ایک بہترین تعلیمی ادارہ بن چکا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آج ڈگری حاصل کرنے والے نوجوان ملک کی ترقی میں مثالی کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں تمام طلبہ و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز میں سونے، کاسی اور چاندی کے میڈلز دئے گئے۔ سندھ مدرسہ کے وائس چانسلر نے گورنر کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ کو شیلڈز اور سووینئرز پیش کئے۔