وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان کی ملاقات

10

لاہور، 18 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون، باہمی تجارت، صنعت، زراعت اور خواتین کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور خواتین کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ “ویمن فرسٹ ”ایجنڈے کے تحت خواتین کی قیادت میں صنعتی کلسٹرز اور ڈیجیٹل اپ سکلنگ پروگرامز میں باہمی اشتراک کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھی دونوں فریقین کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری 2025ء میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت پنجاب بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کر چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فارما اور میڈیکل ڈیوائسز کے شعبے میں پنجاب بنگلہ دیش کو عالمی معیار کی لیبارٹریز، کم لاگت سرجیکل برآمدات اور مشترکہ برانڈنگ کے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے ویزا کلیئرنس میں آسانی، انسپیکشن کے عمل میں نرمی اور ڈھاکہ ایئرپورٹ سکیورٹی ڈیسک کے خاتمے جیسے اقدامات کو باہمی اعتماد کی علامت قرار دیا۔ مریم نواز شریف نے لاہور اور ڈھاکہ میں پاکستان-بنگلہ دیش جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ”ویژن 2030: ویمن فرسٹ“ سمٹ میں شرکت ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ یہ سمٹ صرف سفارتی ملاقات نہیں بلکہ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مستقبل پر مبنی دیرپا شراکت داری کی بنیاد ہے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات اور ترقیاتی وژن کو سراہا۔