لاہور، 3 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر بلال یاسین نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور 9 محرم الحرام کو ہونے والے 982 ویں سالانہ غسل مبارک کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزراء نے داتا دربار کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ڈی آئی جی عثمان گوندل، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ احسان علی جمالی، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزراء نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور امن کے لیے دعائیں کیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق غسل مبارک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے نائب وزیر اعظم پاکستان اسحاق ڈار کو مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور انتظامی ٹیمیں صوبہ بھر میں دورے کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔