صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس، اوقاف کی زمینوں کی ریگولرائزیشن پالیسی منظور، ناجائز قابضین کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

9

لاہور، 12 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کے بورڈ کا اہم اجلاس پیسک ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ بورڈ نے محکمہ اوقاف کے سالانہ تخمینہ جات برائے مالی سال 2025-26 اور گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینوں کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ اوقاف کی زمینوں کی ریگولرائزیشن پالیسی کو بھی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ پالیسی کے تحت رہائشی زمینوں پر فی مرلہ ایک روپیہ کے حساب سے سالانہ 10 فیصد اضافے کے ساتھ بقایاجات وصول کیے جائیں گے۔ کمرشل زمینوں پر دو روپے فی مرلہ کے حساب سے یہی فارمولا لاگو ہوگا۔ اس مقصد کے لیے قواعد و ضوابط میں حسبِ ضرورت ترامیم کی جائیں گی۔ مزید برآں، اوقاف کی زمینوں پر قابض افراد کا سروے اور ڈیٹا کلیکشن محکمہ اوقاف کی کمیٹی کے ذریعے کیا جائے گا۔ بقایاجات کی وصولی کے لیے قابضین کو ایک ماہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا، جس کے بعد متعلقہ محکمے باقاعدہ معاہدے کرنے کے پابند ہوں گے۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف میں ڈائریکٹر ایگریکلچر کی نئی آسامی پیدا کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جو اوقاف کی زرعی زمینوں کے بہتر استعمال کے لیے اہم قدم ہوگا۔ محکمہ اوقاف کے ملازمین کے لیے ایڈہاک ریلیف الاؤنس اور اوقاف الاؤنس کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اوقاف کی زمینوں پر سے ناجائز قبضے ختم کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، صوبائی، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، پارلیمانی سیکرٹری اوقاف ملک وحید، اراکین اسمبلی، سیکریٹری اوقاف اور دیگر اعلیٰ افسران شامل ہیں۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے واضح اعلان کیا کہ: “اوقاف کی اربوں روپے مالیت کی زمینیں ہر قیمت پر ناجائز قابضین سے واگزار کرائیں گے اور انہیں عوامی فلاحی منصوبوں میں استعمال میں لایا جائے گا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے الیکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے جبکہ محکمہ اوقاف کی آمدن بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات بھی جاری ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزارات پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر سیکریٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ محکمہ اوقاف نے اخراجات پر کنٹرول کرتے ہوئے آمدن میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور مانیٹرنگ کے مؤثر نظام کی بدولت اہداف کے حصول کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی مذہبی امور خالد محمود سندھو اور بورڈ ممبران نے بھی شرکت کی۔