لاہور، 12 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت عظمت محمود خان کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر پروفیسر معین، اور مختلف ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ صحت کی درخواست پر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے گورنمنٹ لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور کی عمارت کا معائنہ کیا، جسے مخدوش قرار دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی روشنی میں ہسپتال کے تین یونٹس کو عارضی طور پر دیگر سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جن میں گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال، گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ، اور لیڈی ایچیسن ہسپتال شامل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے واضح کیا کہ لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) نئی اور محفوظ عمارت میں مکمل فعال رہیں گے۔ ہسپتال کے متاثرہ یونٹس کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور کے لیے 7 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 235 بستروں پر مشتمل نیا کمپلیکس تعمیر کروا رہی ہے۔ آئی ڈیپ کو اس منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ ہسپتال کے تمام یونٹس کو نئی عمارت میں منتقل کیا جا سکے۔ عوام کی سہولت کے پیش نظر لیڈی ولنگٹن ہسپتال میں دو ایمبولینسز اور اضافی عملہ بھی تعینات کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











