قصور؛ یوم عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات مکمل،2500 سے زائد افسران و اہلکاران ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے

2

قصور،5جولائی(اے پی پی): ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،قصور پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے چا ک وچوبند ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پرضلع بھر میں 24جلوس اور20مجالس ہوں گی جن کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر2500 سے زائد افسران و اہلکاران ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔جلو س میں داخلہ کیلئے تین لیئر ڈیوٹی کو یقینی بنایا جائے گا،زائرین کی چیکنگ بذریعہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹراور بائیو میٹرک ویری فیکشن کی جائے گی۔

ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات سے کروائی جائے گی۔ قصور میں یوم عاشورہ کے موقع پر سکیو رٹی کے حوالے 6حساس مقامات پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر کے240سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا جو یکم محرم الحرام سے 24گھنٹے کام کررہا ہے،اس کے علاوہ شہر قصور کے مرکزی جلوس کے روٹس پر انسٹال 42 سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ تمام جلوس اور مجالس کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، ایلیٹ فورس کے جوان جلوسوں کے آگے اور پیچھے سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، جلوسوں کے روٹس سے ملحقہ راستوں کو عارضی طور پررکاوٹیں ڈال کر بند کیا جائیگا اسکے علاوہ روٹس کی چھتوں پر سنائپر موجود رہیں گے۔