سیالکوٹ،4جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی نے کہا ہے کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم 24/7 فعال ہے اور یہ ڈی پی او آفس اور محکمہ داخلہ کے سنٹرل سسٹم سے منسلک یے جبکہ سیف سٹی کے 263 سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ 100 کیمروں کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت ڈورون کیمروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے کے حوالے سے سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایک شخص کو گرفتار اور ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔
صبا ءاصغر علی نے کہا کہ عاشور کے دوران حکومت پنجاب کی طرف سے 23 سبیلیں لگائی جا رہی ہیں جبکہ پانچ موبائل ٹوائلٹس کا بھی ماتمی جلوسوں کے ہمراہ انتظام کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے میں میڈیا بھی بھر پور کردار ادا کر رہا ہے اور اگر انتظامات میں کوئی کمی اور کوتاہی ہو تو میڈیا اس کی نشاندہی کرے تاکہ اس میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال سے بڑھ کر کام کیا جا رہا ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور سہولیات میں اضافہ ہو اور ضلع سیالکوٹ میں ہونے والی تمام مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، کلینک آن ویلز اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جلوسوں اور مجالسں کے ساتھ متحرک ہیں جبکہ ستھرا پنجاب کے سینٹری ورکر بھی صفائی کیلئے موجود ہیں۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں کو کنٹرول روم کا بھی دورہ کروایا گیا اور مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اقبال سنگھیڑا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔