لاہور16 جولائی ( اے پی پی )وزارت صنعت و تجارت کے اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PCJCCI) کا دورہ سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف اور کمرشل ایمبیسیڈر محمود عربی نے وفد کا پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں استقبال کیا۔ وفد کی قیادت کوآرڈینیٹر ٹو وزیر صنعت و تجارت ندیم پہلوان نے کی۔ وفد میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ممبران صوبائی اسمبلی (MPAs) اور لاہور کی بزنس کمیونٹی کے اہم تجارتی رہنما شامل تھے۔ملاقات میں پنجاب اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت اور تعاون کو فروغ دینے، تجارتی ہم آہنگی، سماجی امور اور اسٹریٹجک شراکت داری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل چوہدری صلاح الدین حنیف نے کہا کہ پنجاب اور چین کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔کمرشل ایمبیسیڈ پاک چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمود عربی نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد کاروباری روابط کو مضبوط بنانا اور پنجاب کے تاجروں کے لئے چینی مارکیٹ تک رسائی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس دوران چین کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لئے آئندہ مشترکہ منصوبوں اور تربیتی پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری ندیم پہلوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی دن رات کی محنت سے سی پیک فیز ٹو میں چین کی جانب سے پاکستان میں انویسٹمنٹ آ رہی ہیں اور اس سلسلے میں حکومت پنجاب مکمل تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیسے ادارے دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کا اہم ذریعہ ہیں ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔











