وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستانی کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کی ملاقات

15

اسلام آباد، 19 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم  محمد شہباز شریف سے   معروف پاکستانی ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد نے ملاقات کی ہے،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے طلحہ احمد کی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کامیابی اور مثبت مواد کی تخلیق پر بھرپور ستائش کی۔

وزیراعظم نے طلحہ احمد کے تخلیقی کام اور نوجوانوں کے لیے ان کے متاثرکن کردار کو سراہتے ہوئے انہیں ایک اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے ذاتی طور پر انہیں ایک الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی تحفے میں دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہی نہیں بلکہ بچے بھی اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر رہے ہیں، اور طلحہ احمد پاکستانی قوم کی لامحدود استعداد کی ایک روشن مثال ہیں۔

طلحہ احمد نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اس اعزاز اور حوصلہ افزائی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پذیرائی نہ صرف ان کے لیے بلکہ تمام نوجوان کونٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ایک حوصلہ افزا قدم ہے۔