ملتان ،19 جولائی (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کے ہمراہ ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، انہوں نے ادارے میں دستیاب طبی سہولیات، سروسز اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ادارے کے ایم ایس ڈاکٹر ریاض مستوئ، ڈاکٹر فرحان اور ڈاکٹر اسد بھی موجود تھے ۔کمشنر عامر کریم خاں کو ادارے کی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، اور زیر علاج مریضوں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کردہ سہولیات، ادویات اور عملے کے رویے کے بارے میں استفسار کیا۔ مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں تمام بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، ادویات دستیاب ہیں اور طبی عملہ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری سے خدمات انجام دے رہا ہے۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایات پر انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عام شہری کو معیاری طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی ہے۔ ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ دل کے مریضوں کو بروقت، معیاری اور مفت علاج کی سہولت ہر ممکن فراہم کی جا سکے۔











