وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کا انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ

22

اسلام آباد، 31 جولائی(اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے جمعرات کو انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خُدا بخش نے کیا۔ دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے ادارے کی عمارت، سہولیات، ایمرجنسی ایگزٹس اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے زور دیا کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن ہونا چاہیے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ قومی اداروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق استوار کیا جائے۔

معاونِ خصوصی نے اس تاثر کی تردید کی کہ EDB غیر فعال یا غیر شفاف ادارہ ہے۔ ان کے مطابق میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ادارے کا تشخص بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ایک مخصوص ڈیجیٹل پورٹل اور شکایات کمیٹی قائم کی جائے گی۔

ہارون اختر خان نے کہاکہ میں خود EDB کی کارکردگی پر نظر رکھ رہا ہوں اور چاہتا ہوں کہ یہاں نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، کیونکہ ترقی یافتہ ممالک نتائج پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ادارے کی ٹیم پر زور دیا کہ اجتماعی کوششوں سے ہی ترقی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔

یہ دورہ صنعتی ترقی کے لیے حکومت کے عزم اور اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔