وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس، اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ

1

لاہور، 3 جولائی (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ایجوکیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران اسکولوں میں کمروں، چار دیواری، فلٹریشن پلانٹس، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کام کو تیز کیا جائے تاکہ تعلیمی اداروں کو ماڈل اسکولوں میں تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور تعلیمی افسران کے درمیان قریبی اور مربوط مشاورت وقت کی ضرورت ہے تاکہ اسکولوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ اسکولوں کی بہتری کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں اور ان فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے اور کام کی کوالٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ منصوبوں کی کوالٹی کی خود مانیٹرنگ کریں۔ وزیر تعلیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کم لاگت، شفافیت اور معیار کے امتزاج سے عوامی وسائل کی بچت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں 50 لاکھ روپے میں بننے والا کلاس روم صرف 12 لاکھ روپے میں مکمل کر کے ٹیکس دہندگان کے پیسے بچائے گئے۔ انہوں نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی کہ انرولمنٹ ڈیٹا درست اور مکمل رکھا جائے، کیونکہ وہ کسی بھی وقت چیکنگ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی انرولمنٹ کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے اور اب ہر چیز کی درستگی کو یقینی بنایا جائے گا۔