وزیر تعمیرات و مواصلات پنجاب کی مون سون میں شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت

14

لاہور، 11 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے مون سون سیزن کے دوران عوام کی سفری سہولت اور شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہائی وے کے تمام ایکسینز، ایس ڈی اوز اور دیگر عملہ ہمہ وقت متحرک رہیں اور شاہراہوں کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ بارشوں سے پڑنے والے گڑھوں کی فوری مرمت کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ملک صہیب بھرتھ نے کہا کہ خراب شولڈرز کی بھی فوری مرمت کی جائے اورمقامی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بارشی پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی بروقت مرمت سے عوام کو سفری مشکلات سے بچایا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا عزم صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کی سہولت کی فراہمی ہے، اور مون سون کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔