“ستھرا پنجاب” پروگرام میں خدمات سرانجام دینے والے ورکرز کو راشن کارڈ کی سہولت دینے کا فیصلہ

23

لاہور،11 جولائی (اے پی پی):”ستھرا پنجاب” پروگرام میں خدمات سرانجام دینے والے ورکرز کو راشن کارڈ کی سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور صوبے بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے “ستھرا پنجاب” کے ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، تاکہ صرف مستحق اور اہل ورکرز کو راشن کارڈ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سی ای اوز اپنے اپنے اضلاع سے اہل ورکرز کی فہرستیں فوری طور پر ارسال کریں۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ یہ سہولت صرف انہی ورکرز کو دی جائے گی جو اہلیت کے معیار پر پورے اتریں گے۔ وزیر بلدیات نے مئی 2025 سے ورکرز کی حاضری کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی، اور کہا کہ محنتی ورکرز ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کے اور ان کے اہل خانہ کی بھرپور دیکھ بھال حکومت کی ترجیح ہے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر ورکرز کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور فہرستیں مکمل ہوتے ہی راشن کارڈز کا اجرا عمل میں لایا جائے گا۔