کربلا/لاہور، 16 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان چار روزہ اربعین مکمل کرنے کے بعد حضرت امام حسینؑ کے چہلم پر کربلا پہنچ گئے۔ اس موقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلم و غیر مسلم زائرین نے بھی نواسہ رسولؐ کو خراج تحسین پیش کیا۔ کربلا میں روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نجف سے کربلا مشی میں شریک ہونا میری زندگی کے قیمتی ترین لمحات ہیں۔ حضرت امام حسینؑ کی قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دعا کی۔ ساتھ ہی ریلیف آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹس کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی کو پوری انسانیت خراج تحسین پیش کررہی ہے۔ اربعین نجف سے کربلا تک کی مشی ایک واک نہیں بلکہ اہل بیتؑ سے محبت کا اظہار ہے۔ کربلا میں حق و باطل کا مقابلہ ہوا اور فتح ہمیشہ حق کی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے ظلم کے خلاف جہاد کرتے ہوئے صبر، قربانی، اصول پسندی اور حق کا پیغام دیا۔ آج پوری دنیا میں لبیک یا حسینؑ کی صدا گونج رہی ہے۔ واقعہ کربلا ہمیں حق اور سچ کا سبق دیتا ہے اور امام حسینؑ کی قربانی کی بدولت اسلام زندہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام ہمیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور حضرت امام حسینؑ نے دین کی خاطر یزید کے ہاتھ پر بیعت نہ کرکے قیامت تک کے لیے اصول پسندی اور قربانی کی مثال قائم کردی۔











