اسلام آباد،12اگست (اے پی پی ):14 اگست… پاکستان کی آزادی کا دن… اور اس بار یہ دن ایک نئے عزم، ایک نئے فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔اس سال جشنِ آزادی کو “معرکۂ حق” کے نام سے منایا جا رہا ہے، ایک ایسا عنوان جو حالیہ پاک-بھارت معرکے میں پاکستانی افواج کی عظیم قربانیوں اور شاندار فتح کی یاد دلاتا ہے۔
ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں۔ ہر گلی، ہر بازار، سبز ہلالی پرچم کی روشنی میں نہا رہا ہے۔ دکانوں پر جھنڈیاں، بیجز، بینرز، اور قومی رنگوں سے سجے ملبوسات کی بہار ہے۔ بچے، بڑے، خواتین، سب ہی خریداری میں مصروف، کوئی پرچم تھامے مسکرا رہا ہے، تو کوئی سبز و سفید لباس میں وطن سے محبت کا پیغام دے رہا ہے۔
حکومتی سطح پر بھی اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ وفاقی وزارتوں اور قومی اداروں نے خصوصی تقریبات، نمائشوں اور تقریری پروگراموںکا اعلان کیا ہے۔ ہر تقریب کا مقصد قوم کو یاد دلانا ہے کہ آزادی ایک تحفہ نہیں، بلکہ قربانیوں کا ثمر ہے۔
اس بار کا جشنِ آزادی صرف چراغاں اور ترانوں تک محدود نہیں… یہ ایک اعلان ہے کہ ہم ایک ہیں، مضبوط ہیں، اور ہر معرکے میں حق کا ساتھ دینے والے ہیں۔











