اسلام آباد ،13 اگست(اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، ممبرانِ کمیشن، افسران اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پاکستان ایک لازوال حقیقت ہے جو قیامت تک انشاءاللہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی ہمیں یوں ہی حاصل نہیں ہوئی بلکہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ لاکھوں افراد نے ہجرت کی، اپنا سب کچھ قربان کر کے اس سرزمین پر قدم رکھا، اور یہ قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ آزادی کی حفاظت اور اس کی قدر کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ موجودہ نسل کو آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ ہونا چاہیے۔ جب ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور جبر کو دیکھا جاتا ہے تو دل غم سے بھر جاتا ہے۔ انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی “معرکۂ حق” میں شاندار کامیابی کو پاکستان کے وقار کی بلند ی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست فاش دی۔
چیف الیکشن کمشنر نے تینوں مسلح افواج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اس عظیم فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس کامیابی کے بعد جشنِ آزادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ انہوں نے وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔











