لاہور، 7 اگست (اے پی پی): سول ڈیفنس پنجاب نے خود کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے سلامی سے ہوا، جس کے بعد چیف سیکرٹری نے جدید آلات اور مہارتوں پر مشتمل عملی مظاہرہ دیکھا۔ آر سی وہیکل، سنیک کیمرہ، آئی ای ڈی ڈرونز، اینٹی ڈرون گن، بم ڈسپوزل روبوٹ، ڈرونز، بم ڈسپوزل سوٹ، مائن ڈیٹیکٹرز اور دیگر جدید سازوسامان کی نمائش کی گئی۔ سول ڈیفنس ٹیم نے دشمن کے ڈرون کو لیزر گن سے گرانے کا عملی مظاہرہ کیا، جبکہ ناقابل رسائی مقامات پر روبوٹ کی مدد سے بم کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے روبوٹ، ڈرون اور دستی طریقے سے بم ناکارہ کر کے اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اس موقع پر سول ڈیفنس کے نئے لوگو اور جدید وہیکل سکواڈ کا افتتاح بھی کیا، اور بطور رضاکار سول ڈیفنس کو باضابطہ طور پر جوائن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سول ڈیفنس کی استعداد بڑھانے کے اقدامات کیے گئے۔ “سیلاب اور دیگر ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے اہلکار فرنٹ لائن سولجرز کی حیثیت رکھتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کیلئے سول ڈیفنس کے جوانوں کو جدید تربیت دی جا رہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امن اور جنگ دونوں صورتوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 29 بھارتی ڈرونز کو ناکارہ بنایا گیا۔ مزید بتایا کہ شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کے لیے سول ڈیفنس ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے۔ تقریب میں سیکرٹری ہاؤسنگ و سابق سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، سپیشل سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، آئی جی جیل خانہ جات، ڈی جی فرانزک سائنس، ڈی جی پفڈا، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے بھی شرکت کی۔











