لاہور، 08 اگست (اے پی پی): محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کے حوالے سے اہم اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہسپتال کے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سپرنٹینڈنٹ انجینئر عمران علی ستی اور دیگر افسران نے جاری پیش رفت پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مری اور گردونواح کے عوام کو کارڈیک کے جدید علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لیے طبی سامان اور ہیومن ریسورس کی فراہمی کا عمل جاری ہے، پہلی بار کروڑوں روپے مالیت کی جدید مشینری خریدی جا رہی ہے ۔ کیتھ لیب کے لیے درکار عملہ اور آلات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری صحت عظمت محمود خان نے کہا کہ اس ہسپتال کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ساتھ منسلک کرنے سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ ایچ آر کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا رہے ہیں اور تمام متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔











