لاہور،08اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے لاہور میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں شاندار خدمات کے اختتام پر ہائی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا اور ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، معدنیات، آئی ٹی خدمات، زراعت اور لائیو اسٹاک میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات باہمی احترام اور دیرپا دوستی کی بنیاد پر قائم ہیں، جبکہ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی منتقلی اور شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ایکوا کلچر اور فشریز کی امپورٹ کے لیے کولڈ چین لاجسٹکس کے فروغ پر بھی امید کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ حکومت پنجاب ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، بارش کے پانی کے مؤثر استعمال، معدنی وسائل کے بہتر استعمال اور تجاوزات کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار ہیں، اور مستقبل میں بھی دوطرفہ تعاون جاری رہے گا۔











