صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیڈمک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ

6

لاہور، 21 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز محمد عمر مسعود، چیئرمین فیڈمک رانا اظہر وقار، سی ای او میاں جمیل احمد، سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر نے گزشتہ ایک سال کے دوران فیڈمک کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باؤنڈری وال کی تعمیر، سیکیورٹی کے موثر انتظامات اور صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے باعث اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 64 صنعتی پلاٹس فروخت ہوئے جن پر یونٹس لگنے سے 119,526 ملین روپے کی مقامی اور 7,601 ملین روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس سے 6,582 روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں بھی 16 پلاٹس فروخت ہوئے جن پر یونٹس لگنے سے 4,205 ملین روپے کی مقامی اور 1,598 ملین روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی، جہاں 2 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پالیسی کے مطابق صنعتی یونٹس نہ لگانے کی صورت میں پلاٹس کینسل کر دیے جائیں گے، ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور فالو اپ کے ذریعے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں آکسیجن کی فراہمی کے لیے درخت لگائے جائیں گے جبکہ ریلوے اسٹیشن اور کمیونٹی سینٹر بھی زیر تعمیر ہیں۔ چنیوٹ-ساہیا والا روڈ پر بھی کام جاری ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ سی ای او میاں جمیل احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیڈمک کے انڈسٹریل اسٹیٹس میں اس وقت 217 صنعتی یونٹس پیداوار دے رہے ہیں۔ گزشتہ 7 ماہ میں الاٹیز سے 2 ہزار ملین روپے کی ریکوری کی گئی جبکہ مزید 3 ارب روپے کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔