لاہور، 13 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور چیئرپرسن سارہ احمد کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بچوں کے ساتھ یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ بیورو میں مقیم بچوں کے درمیان ملی نغموں، تقاریر اور خوبصورت ٹیبلوز کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں بچوں نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال، تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ بچوں کو محفوظ اور روشن مستقبل دینا ہماری ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو اللہ کے فضل اور ہمارے قائدین و بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں آزاد وطن ملا۔ انہوں نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، جو تعلیم اور محنت سے ملک کا نام روشن کریں گے۔ صوبائی وزیر نے ملی نغموں میں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور بیورو کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے چیئرپرسن سارہ احمد کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں اعلیٰ حکام اور بیورو افسران نے بھی شرکت کی۔











