لاہور، 13 اگست (اے پی پی): پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں بینک آف پنجاب اور چین کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت چین کے بڑے ٹیکسٹائل ادارے چیلنج ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور 100 ایکڑ پر جدید ترین اسپیشل اکنامک زون قائم کیا جائے گا۔ پراجیکٹ کے تحت پنجاب میں پاکستان کی سب سے بڑی ایڈوانس ٹیکسٹائل مل قائم ہوگی جو ماہانہ 6 ملین میٹر فیبرک استعمال کرتے ہوئے 2 سے 8 ملین گارمنٹس تیار کرے گی۔ یہ گارمنٹس معروف امریکی برانڈز کے ذریعے ایکسپورٹ ہوں گے، جبکہ خام مال بھی پاکستان ہی سے حاصل کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے سالانہ 100 ملین ڈالر سے زائد برآمدات اور آئندہ 8 ماہ میں 18 ہزار جبکہ 5 سال میں 25 ہزار افراد کو روزگار کے مواقع ملنے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں اور چیئرمین چیلنج گروپ ویگو ہانگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں جدید اور شاندار گارمنٹ سٹی بنائی جا رہی ہے اور چیلنج گروپ کی مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ چیئرمین چیلنج گروپ ویگو ہانگ نے مریم نواز شریف کی انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں جدت پیدا کرنے کے لیے جدید ترین مشینری اور ٹیکنالوجی لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ میں پلاسٹک ویسٹ کو ری سائیکل کر کے ہائی پرفارمنس فیبرک تیار کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ان کے حالیہ دورۂ چین کا ثمر ہے اور اس سے پاک-چین تجارتی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔











