قومی شناخت کے مظہر اداروں میں رائٹ سائزنگ نہیں کی جا رہی،ثقافتی ورثہ کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لا ئے جا رہے ہیں ، اورنگ زیب خان کھچی

13

لاہور،11 اگست ( اے پی پی )وفاقی وزیر قومی ورثہ وثقافت ڈویژن اورنگ زیب خان کھچی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہبا ز شریف کی ہدایت پر قومی ورثہ و ثقافت کے فروغ و بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا ئے جا رہے ہیں ،اردو زبان ہماری تہذیب، ثقافت اور قومی وحدت کی علامت ہے ، اس کے فروغ کے لیے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے تمام اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا،قومی شناخت کے مظہر اداروں میں رائٹ سائزنگ نہیں کی جا رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اردو سائنس بورڈ میں ڈیجیٹل پرنٹنگ سیل کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت قومی ورثے اور ثقافت کے فروغ اور بحالی کو ترجیح دے رہی ہے، تاریخی مقامات، روایتی فنون، زبانوں، اور ثقافتی سرگرمیوں کی حفاظت اور ترقی کے لیے بجٹ، ماہرین اور جدید سہولیات سمیت تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں،یہ اقدامات نہ صرف ملک کی تاریخی پہچان کو محفوظ رکھنے میں مددگار ہوں گے بلکہ قومی زبان، سیاحت اور معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے تمام ادارے قومی شناخت کے مظہر ہیں اور ان کی ترقی و مضبوطی سے نہ صرف ہماری تہذیبی پہچان برقرار رہے گی بلکہ دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہو گا۔وفاقی وزیر نے قومی زبان کے فروغ میں ادارے کی کاوشوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیااور کہا کہ اردو زبان ہماری تہذیب، ثقافت اور قومی وحدت کی علامت ہے اور اس کے فروغ کے لیے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے تمام اداروں کو مشترکہ کردار بھرپورادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ان اداروںمیں رائٹ سائزنگ نہیں کی جا رہی بلکہ ان اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔اس موقع پر ڈائریکٹر اردوسائنس بورڈ ضیااللہ خان  نے وفاقی وزیر کو اردوسائنس بورڈ کے جاری اور مستقبل کے اشاعتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ اردو سائنس بورڈ نے مطبوعات کی ڈیجیٹل پرنٹنگ کاآغازکیاہے ، اس سلسلے میں بورڈ میں ڈیجیٹل پرنٹنگ سیل قائم کیاگیاہے جہاں کتابوں کی کمپوزنگ، ڈیزائننگ اورپرنٹنگ کے تمام مراحل مکمل کیے جاتے ہیں۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے ادارے کی لائبریری، خطاطی ،اشاعتی اور دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا اوراردو سائنس بورڈ میں ڈیجیٹل پرنٹنگ سیل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے ادارے کے سبزہ زار میں یادگاری پودا بھی لگایا۔