لاہور، 23 اگست (اے پی پی) :: لاہور میں ہیمل فارماسیوٹیکلز اور سوسائٹی آف میڈیکل آنکولوجی پاکستان کے زیراہتمام ’’بیسٹ آف ایسکو 2025‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔ تین روزہ کانفرنس میں کینسر کے علاج میں عالمی سطح پر ہونے والی جدید تحقیق اور پیش رفت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہیمل فارماسیوٹیکلز نے اس پروگرام میں بطور پلاٹینم اسپانسر اہم کردار ادا کیا۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں مصنوعی ذہانت، پریسیشن آنکولوجی، امیونو تھراپی اور کینسر کے جدید علاج کے طریقوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے ائے سینیئر ڈاکٹرز نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ وہ اس عالمی معیار کی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف علم اور تجربے کے تبادلے کا ذریعہ ہے بلکہ کینسر کے علاج میں جدید عالمی پیش رفت کو پاکستان میں اپنانے کے لیے ایک سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔ بین الاقوامی ماہرین نے کانفرنس میں ان لائن شرکت کی اور شرکاء کو اپنے تجربات اور تحقیق کے نئے مشاہدات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کانفرنسوں کے انعقاد سے نہ صرف تحقیقی علوم کا تبادلہ بہتر انداز میں ہوتا ہے بلکہ مریضوں کے علاج میں بھی آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کے انعقاد سے نوجوان معالجین کو جدید تحقیق تک رسائی ملتی ہے اور مریضوں کے علاج میں بہتری لانے کے لیے عملی راستے کھلتے ہیں۔ شرکاء نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی کانفرنس پاکستان میں کینسر کے مریضوں کے لیے بہترین علاج کی سہولیات کی فراہمی اور نوجوان ڈاکٹروں کو عالمی تجربات سے مستفید کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس موقع پر فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے خصوصی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں نئی ادویات، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر مبنی مصنوعات کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔ کانفرنس کے اختتام پر معروف ماہر امراض ڈاکٹر زیبا عزیز کو کینسر کے علاج کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں لائف اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔











